نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے، معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے چار اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں جبکہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے مسلسل کارروائیاں قابل ستائش ہیں۔ شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم اور اداروں کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔ معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بلوچستان کا امن اور عوام کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور دہشت گردی و بدامنی پھیلانے والے عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

