صدر رجب طیب اردوان کی منظوری اور سرکاری گزٹ میں اشاعت کے بعد تین ملکی دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کی راہ ہموار ہوگئی، کسی ایک ملک پر حملہ تینوں پر حملہ تصور ہوگا۔
اسلام آباد (الفجرآن لائن) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد معاہدے کی توثیق کا عمل مکمل ہوگیا اور تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی راہ ہموار ہوگئی۔
ترکیہ کے سرکاری گزٹ میں جمعے کے روز صدارتی منظوری کی اشاعت کے بعد معاہدے پر عمل درآمد کے لیے قانونی مراحل مکمل ہوگئے۔ معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جبکہ مشترکہ دفاع، فوجی تعاون اور باہمی سیکیورٹی ذمہ داریوں کے حوالے سے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اگست 2026 میں مکہ مکرمہ میں اس دفاعی معاہدے پر اتفاق کیا تھا، جسے ترک پارلیمنٹ نے 5 نومبر کو منظور کیا، جبکہ صدر اردوان کی توثیق معاہدے کی منظوری کا آخری مرحلہ تھی۔
معاہدے کی توثیق کے بعد ترکیہ کی جانب سے سعودی عرب کو فوجی معاونت فراہم کرنے کے امکانات بھی مزید واضح ہوگئے ہیں۔ خطے کی بدلتی سیکیورٹی صورتحال اور سعودی عرب کو درپیش ممکنہ خطرات کے تناظر میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا، دفاعی معاہدے پر پیش رفت اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے حکام کا دو روزہ اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں مشترکہ دفاعی حکمت عملی اور معاہدے سے متعلق مختلف معاملات زیر غور آئیں گے۔

