محدود وسائل میں کرپشن کی روک تھام اور بہتر انتظامی نظم و نسق کے ذریعے گوادر میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی قابل تحسین ہے، میر سرفراز بگٹی
گوادر (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میونسپل کارپوریشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کے انتظامی و ترقیاتی اقدامات اور شہری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے محدود وسائل میں کرپشن کی روک تھام اور بہتر انتظامی نظم و نسق کے ذریعے نمایاں تبدیلی لانے پر میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان اور میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین جاوید خان کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی عمارت کی تزئین و آرائش، ڈیجیٹل لیب کا قیام اور شہریوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میونسپل کارپوریشن نے اپنے وسائل سے سویپنگ مشین، فائر بریگیڈ اور دیگر شہری سہولیات کا انتظام کیا ہے، جو محدود وسائل کے باوجود مؤثر انتظامی کارکردگی اور عوامی خدمت کی اچھی مثال ہے۔ ان کے مطابق بلدیاتی اداروں کی مؤثر کارکردگی کے لیے دستیاب وسائل کا شفاف استعمال اور کرپشن کی روک تھام ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا کہ گوادر کی پوری تحصیل کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دیا جائے گا، جبکہ گوادر میونسپل کارپوریشن کو ٹف ٹائلز سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت میونسپل کارپوریشن کو مزید وسائل فراہم کرکے اس کی استعداد کار میں اضافہ کرے گی تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوادر میونسپل کارپوریشن کے انتظامی ماڈل کو بلوچستان کی دیگر میونسپل کارپوریشنز میں بھی اپنانا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اگر بلدیاتی ادارے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کریں تو بلوچستان کی ترقی کی راہ میں حائل کئی رکاوٹیں دور ہوسکتی ہیں، اس لیے مؤثر بلدیاتی نظام اور عوامی خدمت کے اداروں کو مضبوط بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

