وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر 21 سے 25 نومبر تک کارروائیاں، غیر قانونی اسلحہ، گولہ بارود اور ممنوعہ سامان برآمد، ملزمان کے خلاف مقدمات درج
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر ضلع قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی اسلحہ سازی، منشیات کے کاروبار اور منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف 21 سے 25 نومبر 2026 تک جامع پولیس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری پیش رفت رپورٹ کے مطابق آپریشن کا مقصد ضلع میں قانون کی بالادستی قائم کرنا، عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے خوف سے نجات دلانا اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کارروائیوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ سازی کے مراکز، جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں اور منظم جرائم کے نیٹ ورکس کے خلاف اقدامات کیے گئے، جبکہ غیر قانونی اسلحہ، بارود اور کارتوس کی تیاری سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جس میں ایل ایم جی، سنائپر رائفل، ایس ایم جی، جی تھری، کلاشنکوف اور پستول سمیت مختلف اقسام کا اسلحہ شامل ہے، جبکہ امریکی ساختہ شاٹ گن، متعدد میگزین، کارتوس اور دیگر ممنوعہ اسلحہ بھی تحویل میں لیا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ گروہوں اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف واقعات میں مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ سازی، منشیات کے کاروبار، بھتہ خوری اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی، کیونکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ حکومت بلوچستان کے مطابق قلعہ عبداللہ میں جاری آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اقدام ہے، جس کا مقصد علاقے میں پائیدار امن قائم کرنا اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔

