صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کے تحت یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ میں تقریب، خواتین کے حقوق، تعلیم اور سماجی ہم آہنگی پر زور
کوئٹہ (الفجر آن لائن) بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم، حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کے سلسلے میں ’’دخترانِ بلوچستان کی تعلیم و استعدادِ کار میں اضافے کے ذریعے تشدد سے پاک معاشرے کا قیام‘‘ کے موضوع پر یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ میں سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں چیف کوآرڈینیشن آفیسر بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس ڈاکٹر دوست محمد بڑیچ، ڈپٹی کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ خان، پرنسپل یونیورسٹی لا کالج، ڈاکٹر سلمیٰ نواز، پی ایچ ڈی اسکالر سائمہ جمالی، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر دوست محمد بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار کا بنیادی مقصد بلوچستان کی خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو تعلیم، شعور اور مثبت سماجی سرگرمیوں کے ذریعے بااختیار بنانا، پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف آگاہی فروغ دینا اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔ ڈاکٹر عصمت اللہ خان نے خواتین کی تعلیم، معاشرتی ترقی اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی مؤثر شمولیت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کرکے ایک پُرامن، محفوظ اور تشدد سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔ ڈاکٹر سلمیٰ نواز نے خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے، پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف شعور و آگاہی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں اور مختلف اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت اجاگر کی، جبکہ پی ایچ ڈی اسکالر سائمہ جمالی نے اسلام کی رو سے خواتین کے حقوق، اہمیت اور معاشرے میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دخترانِ بلوچستان کو تعلیم، آگاہی اور بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کرکے انہیں معاشرے میں مثبت تبدیلی، سماجی ہم آہنگی اور پائیدار امن کے قیام میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔

