اسلام آباد میں اہم سہ فریقی دفاعی اجلاس کے پیش نظر چھٹی، ضروری خدمات کے ادارے کھلے رہیں گے؛ راولپنڈی میں تعلیمی اداروں کی تعطیل، امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے
اسلام آباد/راولپنڈی (الفجر آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں جمعہ 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے، اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں اہم سفارتی اور دفاعی سرگرمیوں کے پیش نظر مقامی تعطیل کا فیصلہ کیا گیا، جہاں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت پر مشتمل اہم دفاعی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں تینوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کی شرکت متوقع ہے۔ اسلام آباد میں 27 نومبر کو تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے، تاہم میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ اسی طرح اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، سوئی ناردرن گیس، اسپتالوں اور عوام کو بنیادی و ضروری سہولیات فراہم کرنے والے اداروں میں معمول کے مطابق کام جاری رہے گا۔ تعطیل کا اطلاق صرف اسلام آباد کی حدود میں ہوگا۔ دوسری جانب راولپنڈی میں بھی جمعہ 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت شہر بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں، کالجوں اور دفاتر بند رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیل کے باوجود تعلیمی اداروں میں پہلے سے طے شدہ امتحانات شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے اور طلبہ اپنے مقررہ وقت پر امتحانات میں شرکت کریں گے، جبکہ امتحانی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی۔

