کَیس لاہور میں صنعتی لوکلائزیشن پر سیمینار، ماہرین کا برآمدات، پیداواریت، مقامی پرزہ جات کی تیاری، پالیسی تسلسل اور ہنرمند انسانی سرمائے پر زور
لاہور (الفجر آن لائن) سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (کَیس) لاہور میں ’’اسمبلی یا مینوفیکچرنگ؟ پاکستان کی مینوفیکچرنگ اور انجینئرنگ صنعت میں لوکلائزیشن کی حقیقی گہرائی کی پیمائش‘‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا، جس میں ماہرینِ تعلیم، دانشوروں اور کاروباری شخصیات نے پاکستان میں مقامی پیداوار سازی کی حقیقی صورتحال، صنعتی مواقع اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔ سیمینار کے افتتاحی کلمات کَیس لاہور کے ڈائریکٹر اکانومی ڈاکٹر شاہد رزاق نے پیش کیے۔ ٹیکنو گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر اللہ والا نے پاکستان میں لوکلائزیشن، مقامی مینوفیکچرنگ، صنعتی رکاوٹوں اور ٹیکنالوجی کے انضمام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو صنعتی بنیاد محض اسمبلی سے آگے بڑھا کر گہری مینوفیکچرنگ، مقامی سطح پر پرزہ جات کی تیاری اور ٹیکنالوجی کے انضمام کی طرف لے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے محصولات سے متعلق مشکلات، کاروبار کی بلند لاگت اور خام مال کی صنعتوں کی کمی کو مقامی مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی راہ میں بڑی رکاوٹیں قرار دیا۔ پرائم انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر علی سلمان نے کہا کہ لوکلائزیشن کو بذاتِ خود مقصد بنانے کے بجائے معاشی ترقی کا ذریعہ ہونا چاہیے جبکہ صنعتی پالیسی کی بنیاد مسابقت، پیداواریت، جدت اور برآمدی کارکردگی پر رکھی جائے۔ انہوں نے تجارتی کشادگی، منڈی میں مسابقت اور عالمی ویلیو چینز میں شمولیت کی حمایت کرتے ہوئے حد سے زیادہ تحفظ پسندی کے خلاف خبردار کیا اور برآمدات پر مبنی صنعتی پالیسی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
لمز لاہور کے ٹیکنالوجی فار پیپل انیشی ایٹو کے ڈائریکٹر عثمان خان نے کہا کہ صنعتی پالیسی کی توجہ قابلِ پیمائش صلاحیتوں، قدر میں اضافے، پیداواریت، ٹیکنالوجی کے حصول اور انسانی سرمایہ کی ترقی پر مرکوز ہونی چاہیے۔ انہوں نے معاشی پابندیوں، سرکاری سرمایہ کاری کی کمی، ضابطہ جاتی بوجھ اور مہارتوں کے فقدان کو صنعتی ترقی کی اہم رکاوٹیں قرار دیتے ہوئے پالیسی تسلسل، ادارہ جاتی اصلاحات اور حکومت و نجی شعبے کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا۔ اختتامی کلمات میں کَیس لاہور کے صدر ایئر مارشل عاصم سلیمان (ریٹائرڈ) نے مربوط صنعتی حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قابلِ پیمائش مقامی پیداوار، تکنیکی ترقی، پیداواریت اور ہنرمند انسانی سرمایہ صنعتی ترقی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے پالیسی کے تسلسل، اداروں کے درمیان ہم آہنگی، سرکاری سرمایہ کاری اور حکومت، صنعت و جامعات کے باہمی تعاون کو اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی پیداوار معاشی استحکام مضبوط بنانے، بیرونی انحصار کم کرنے اور دفاعی تیاری کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ کے اقدامات، بالخصوص نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، کو فضائی جنگی صلاحیت اور مقامی صنعتی ترقی کے فروغ میں اہم قرار دیا۔ سیمینار کے اختتام پر مکالماتی نشست میں اسمبلی اور مینوفیکچرنگ کے چیلنجز، صنعتی مصنوعات کے معیار، سول و عسکری شعبوں کے تعاون، معیاری تعلیم میں موجود خلا اور پاکستان کی صنعتی ترقی کے مستقبل کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

