صوبے کے تمام اضلاع میں میرٹ پر انتظامی و پولیس افسران تعینات، امن و امان کے لیے 16 قوانین منظور، سیف سٹی منصوبوں پر کام تیز؛ دو سال میں 7 لاکھ 58 ہزار بچے دوبارہ اسکولوں میں داخل، 17 ہزار اساتذہ بھرتی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، انتظامی نظام کی بہتری اور عوام کو بنیادی سہولیات کی مؤثر فراہمی کے لیے سول اور عسکری ادارے باہمی اشتراک اور مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو صوبے میں گورننس کے نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں کمانڈر کوئٹہ کور نے خصوصی شرکت کی، جبکہ صوبائی کابینہ کے ارکان اور مختلف صوبائی محکموں کے سیکرٹریز بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کو چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور گورننس کے نظام میں بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مضبوط اور فعال انتظامی ڈھانچہ سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور عوامی مسائل کے حل میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اسی مقصد کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں میرٹ کی بنیاد پر کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی پولیس افسران تعینات کیے گئے ہیں تاکہ انتظامی امور میں شفافیت، جوابدہی اور کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے نظام کو مضبوط بنانے اور سیکیورٹی سے متعلق امور میں بہتری کے لیے موجودہ صوبائی حکومت نے 16 قوانین منظور کیے ہیں، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کام تیز کردیا گیا ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے تعلیم کے شعبے میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران 7 لاکھ 58 ہزار بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ تقریباً 17 ہزار تدریسی عملے کی بھرتی کے ذریعے صوبے کے تمام بند اسکولوں کو فعال بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور بچوں کو تعلیمی مواقع کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بھی بہتری لا رہی ہے اور دور دراز علاقوں کے سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات میسر آسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت تمام متعلقہ اداروں کے اشتراک سے امن و امان، گورننس، تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں میں بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھے گی، کیونکہ مؤثر انتظامی نظام، امن و استحکام اور عوامی خدمات کی فراہمی صوبے کی پائیدار ترقی کے بنیادی تقاضے ہیں۔

