فوری مسائل 7 سے 10 روز، درمیانی مدت کے مسائل 20 روز اور طویل المدتی مسائل 60 روز میں حل کرنے کی ہدایت، تعلیم، صحت، پانی اور ترقیاتی منصوبوں کا جامع جائزہ
گوادر (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت گوادر میں مکران ڈویژن کے عوامی مسائل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی مسائل کے حل، سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں مکران روٹ پر چلنے والی مسافر بسوں کے ذریعے ایرانی تیل کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والی مسافر بسوں اور متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری، درمیانی اور طویل المدتی اقدامات کی واضح ٹائم لائنز مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ فوری نوعیت کے مسائل 7 سے 10 روز، درمیانی مدت کے مسائل 20 روز جبکہ طویل المدتی مسائل 60 روز میں حل کیے جائیں۔ سیکرٹریز کمیٹی کے دورہ مکران، عوامی کھلی کچہریوں اور تعلیمی و طبی مراکز کے معائنے پر مشتمل جامع رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ مقررہ مدت کے اندر مسائل حل کیے جائیں، محض اجلاسوں اور رپورٹس سے عملی نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔
تعلیم کے شعبے میں مکران ڈویژن کے 1,472 اسکولوں اور 10,236 تدریسی و غیر تدریسی ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اساتذہ اور تعلیمی وسائل کی ضروریات کے مطابق ریشنلائزیشن، پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ مکران ڈویژن کی 107 اسکول بسوں کو فعال بنانے کے لیے ایندھن اور ڈرائیورز سے متعلق فنڈز کے اجرا کی منظوری دی گئی۔ مکران بورڈ تربت کو بااختیار بنانے، امتحانی نظام میں شفافیت اور طلبہ کے لیے آن لائن سہولیات کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
صحت کے شعبے میں گوادر کے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور جی ڈی اے ٹراما سینٹر کی مؤثر فعالیت کے لیے دس روز میں جامع انتظامی منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ نئے ضلع تمپ میں 50 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر تک آر ایچ سی میں طبی سہولیات فراہم کرنے، جبکہ مکران ڈویژن کے ہسپتالوں میں طبی عملے، ادویات اور ہنگامی طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔
اجلاس میں شادی کور، دَسی ڈیم اور جیونی سمیت آبی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور گوادر و پسنی کو پانی کی فراہمی کے پائیدار حل کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ تربت، مند روڈ اور ناہنگ پل سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گوادر میں دفاتر سے محروم سرکاری محکموں کو ڈسٹرکٹ اینڈ صوبائی کمپلیکس میں دفاتر فراہم کرکے منتقل کرنے، جبکہ نئے ضلع تمپ میں تمام سرکاری محکموں کا انتظامی ڈھانچہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں فصلوں اور باغات کو بیماریوں اور کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے روزمرہ مسائل کا عملی حل حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کا اصل پیمانہ عوام کو ملنے والی سہولیات اور مسائل کا بروقت حل ہے۔ انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لیے دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال اور اداروں کی فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت میں غفلت اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ مکران کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے حکومتی اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

