کیس کے مکالماتی سیشن میں ادارہ جاتی اصلاحات، سیاسی استحکام اور پائیدار معاشی خوشحالی پر زور
اسلام آباد (الفجرآن لائن): سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (CASS) نے 24 نومبر 2026 کو ’’ادارے، طرزِ حکمرانی اور پاکستان کی معاشی ترقی‘‘ کے موضوع پر خصوصی مکالماتی نشست کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان کے معاشی چیلنجز، اداروں کے کردار، سیاسی استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نشست میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مضبوط سیاسی و معاشی ادارے قومی خوشحالی، معاشی ترقی اور استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
نشست کی نظامت ڈائریکٹر کیس ڈاکٹر اقدس افضل نے کی، جنہوں نے ادارہ جاتی نظام، معاشی جمود اور سیاسی عدم استحکام کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بار بار معاشی بحرانوں، پالیسیوں میں عدم تسلسل اور اداروں کی خودمختاری سے متعلق مسائل کا سامنا ہے، جن کا سنجیدہ جائزہ اور مؤثر حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کلیدی مقرر اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ معاشی ترقی میں مضبوط اور مؤثر اداروں کا کردار وقت کے ساتھ مزید نمایاں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوآبادیاتی دور سے چلے آنے والے استحصالی ادارہ جاتی نظام نے اصلاحات کی راہ میں مشکلات پیدا کی ہیں، جبکہ حقیقی اور پائیدار خوشحالی کے لیے صرف نئی پالیسیاں بنانا کافی نہیں بلکہ اداروں کی سوچ، طرزِ عمل اور طریقہ کار میں بنیادی تبدیلی لانا ضروری ہے۔ انہوں نے اداروں کی مؤثر کارکردگی کے لیے شفافیت اور مضبوط احتساب کو ناگزیر قرار دیا۔
اختتامی کلمات میں صدر کیس ایئر مارشل جاوید احمد (ریٹائرڈ) نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی اور قومی استحکام کے لیے ریاستی اداروں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے حقیقت پسندانہ منصوبہ بندی، مرحلہ وار اقدامات اور مؤثر قیادت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے، نظامِ حکمرانی بہتر بنانے اور پاکستان میں جامع و پائیدار معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

