بلوچستان میں سرکاری ملازمتیں سفارش نہیں بلکہ قابلیت اور میرٹ سے مشروط ہیں، میر سرفراز بگٹی
گوادر (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر کے 99 سیکنڈری اسکول ٹیچرز کو میرٹ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد تعیناتی کے آرڈرز دے دیے، جن میں خواتین اساتذہ بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے میرٹ پر کامیاب ہونے والی خواتین اساتذہ میں تعیناتی آرڈرز تقسیم کیے اور بھرتیوں کے عمل میں شفافیت سے متعلق دریافت کیا، جس پر خواتین اساتذہ نے ریکروٹمنٹ پراسیس پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انہوں نے پہلے دن ہی اسمبلی کے فلور پر واضح کردیا تھا کہ بلوچستان میں کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی، الحمدللہ عوام سے کیا گیا وعدہ عملی طور پر پورا کرکے دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کا حصول اب سفارش نہیں بلکہ قابلیت اور میرٹ سے مشروط ہے، باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ پر ان کا حق دیا جائے گا اور کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سرکاری ملازمتیں کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ اہل اور مستحق امیدواروں کا حق ہیں، نوجوانوں کو ان کی قابلیت کے مطابق آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی پالیسی کا بنیادی اصول ہے۔ ان کے مطابق میرٹ کے فروغ سے نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال ہوگا، جبکہ میرٹ کی بالادستی ہی گڈ گورننس، ادارہ جاتی اصلاحات اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، انہیں صرف منصفانہ مواقع اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ سرکاری بھرتیوں میں شفافیت یقینی بنا کر حقدار کو اس کا حق دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، روزگار کی فراہمی کو سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد کرکے میرٹ کے تابع کرنے کا عزم کیا گیا ہے اور میرٹ پر بھرتیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ میرٹ کی بالادستی محض اعلان نہیں بلکہ بلوچستان حکومت کا عملی طرز حکمرانی ہے اور نوجوانوں کے مستقبل سے کسی کو کھیلنے نہیں دیا جائے گا۔

