نوجوانوں کو تشدد اور انتہاپسندی کے بجائے علم، تحقیق اور فکری مباحث کی طرف راغب کرنا ہوگا، میر سرفراز بگٹی
تربت (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے ساتھ کھلے مکالمے اور سوال و جواب کے خصوصی سیشن میں شرکت کی، جہاں انہوں نے نوجوانوں کو تشدد اور انتہاپسندی کے بجائے علم، تحقیق اور فکری مباحث کی طرف راغب کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی جدوجہد اور مختلف نظریات پر تعمیری و علمی بحث وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور محرومیوں کی بنیاد پر انتہاپسندی کی طرف دھکیلنے کے رجحانات تشویشناک ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کے سوالات، تحفظات اور تنقیدی آرا سننے کے لیے تیار ہے، نوجوان ریاست، حکومت اور صوبے کے ترقیاتی مسائل پر بلا جھجک سوالات اٹھائیں کیونکہ بامعنی مکالمہ مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں یونیورسٹی آف تربت کے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ڈیپارٹمنٹ کے لیے ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے 50 اسکوٹرز بھی فراہم کیے جائیں گے جن کی تقسیم کا طریقہ کار وائس چانسلر طے کریں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے تربت یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے مری اور ایبٹ آباد کے مطالعاتی دوروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان دوروں کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔ انہوں نے تربت میں گرین بس سروس کی کارکردگی کو قابل تحسین قرار دیا اور آئندہ سال مزید گرین بسیں چلانے کے منصوبے کا اعلان کیا، جبکہ خواتین کی سفری سہولت کے لیے اگلے سال پنک بس سروس بھی متعارف کرائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کو جدید علوم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ یہی نوجوان مستقبل میں صوبے اور ملک کی قیادت کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے انٹرن شپ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنے والی ایک طالبہ کی موقع پر مالی معاونت بھی کی اور یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور عملی تجربات کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

