عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے تحفظ کے لیے نیا فارورڈ لکنگ میکنزم متعارف کرانے کی تجویز، بجلی کے نرخوں میں استحکام لانے کی کوشش
اسلام آباد (الفجرآن لائن) حکومت نے بجلی صارفین کو عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے اچانک اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اکتوبر سے دسمبر 2026 تک تین ماہ کے لیے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ میں استحکام لانے کی تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت اس عرصے کے دوران فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کو صرف 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی صارفین کو قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق حکومت نے فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیا فارورڈ لکنگ میکنزم تجویز کیا ہے، جس کے تحت تین ماہ کی مدت کے لیے ایندھن کی لاگت اور بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل کو ایک متعین طریقہ کار کے تحت رکھنے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ صارفین پر اچانک اضافی مالی بوجھ پڑنے کے امکانات کم ہوں اور بجلی کے نرخوں میں نسبتاً استحکام پیدا کیا جاسکے۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومت نے مارچ 2024 میں اقتدار سنبھالا تو بجلی کا قومی اوسط ٹیرف 53 روپے 4 پیسے فی یونٹ تھا، جسے مارچ 2026 تک 8 روپے 76 پیسے کم کرکے 44 روپے 28 پیسے فی یونٹ کردیا گیا، جبکہ صنعتی صارفین کے لیے بجلی کا ٹیرف 62 روپے 99 پیسے سے کم کرکے 44 روپے 50 پیسے فی یونٹ تک لایا گیا، جس کے نتیجے میں مارچ 2024 سے مارچ 2026 کے دوران صنعتی بجلی کے نرخوں میں 18 روپے 49 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم حکومت نے اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران بجلی صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے اضافی مالی بوجھ سے محفوظ رکھا، اس عرصے میں فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت اوسط اضافہ صرف 2 روپے 38 پیسے فی یونٹ رہا۔ پاور ڈویژن کے مطابق سردیوں کے موسم میں پن بجلی کی پیداوار کم ہونے کے باعث تھرمل بجلی پر انحصار بڑھ جاتا ہے، جبکہ بعض سرد مہینوں میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے بھی تجاوز کرجاتا ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بجلی کی پیداواری لاگت پر اثرانداز ہوتا ہے اور اس کا بوجھ صارفین تک منتقل ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے تجویز کردہ نئے فارورڈ لکنگ میکنزم کا مقصد فیول ایڈجسٹمنٹ کے نظام کو زیادہ مستحکم اور قابل پیش گوئی بنانا ہے۔

