بلوچستان کے حالات دیگر صوبوں سے مختلف،حکومت عوامی خدمت کے مشن پر گامزن، امید ہے عوامی توقعات پر پورا اترے گی، نیئر بخاری
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی،طے کر چکے دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے رہنماء پیپلزپارٹی نیئر بخاری، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں گورننس کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں، گورننس، امن و امان اور موسمیاتی تبدیلی بڑے چیلنجز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں جبکہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو بھی ساتھ لیکر چلنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت اولین ترجیحات میں شامل ہیں، صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو بلوچستان کی ترقی چاہتے ہیں، پارٹی قیادت کی رہنمائی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بدامنی میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں طے کر چکے کہ دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صوبے کی ترقی کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے، بلوچستان کے حالات دیگر صوبوں سے مختلف ہیں، صوبائی حکومت عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے، امید ہے عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور کارکن عوامی خدمت کے مشن میں وزیر اعلیٰ کے شانہ بشانہ محنت کریں۔