
حملے کی ذمہ داری عراق کی اسلامی مزاحمت نامی تنظیم نے قبول کی ہے،اسرائیلی اخبار
مقبوضہ بیت المقدس(الفجرآن لائن) گولان کی پہاڑیوں میں لڑائی کے دوران اسرائیل کے دو فوجی ہلاک اور مزید 24 زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق اسرائیل کی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز لڑائی کے دوران کے گولانی بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے دو فوجی مارے گئے اور زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ اسرائیل کے دو فوجی عراق سے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر کیے گئے ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں اور ان کی شناخت 19 سالہ سارجنٹ ڈینئیل اویو ہائم سوفر اور 19 سالہ کیپٹن ٹال ڈرور کے نام سے ہوئی ہے جو بالترتیب اشکیلون سے گولانی بریگیڈ کی 13 ویں بٹالین میں سگنل افسر کیڈٹ اور یروشلم سے تعلق رکھنے والے گولانی بریگیڈ کی 13 ویں بٹالین میں آئی ٹی ماہر تھے۔مزید بتایا گیا کہ اس حملے میں دو فوجیوں کی ہلاکت کے علاوہ 24 فوجی زخمی ہوئے ہیں، ان میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے اور دیگر معمولی زخمی ہیں۔اسرائیلی اخبار کے مطابق عراق میں اسلامی مزاحمتی تحریک نے گولان کی پہاڑیوں پر تین حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے اور مذکورہ تنظیم خطے میں امریکی اور اسرائیلی موجودگی کی مخالفت کرتی ہے