بولان کے علاقے ڈھاڈر میں گرج چمک اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جہاں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق زراعت کالونی میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 10 سالہ بچی ماہ بی بی جاں بحق ہوگئی۔ واقعے کی تصدیق ڈی ایچ کیو اسپتال ڈھاڈر کے حکام نے کی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسی دوران آسمانی بجلی کی شدت سے زراعت دفتر کا ٹرانسفارمر بھی زور دار دھماکے سے تباہ ہوگیا، جس سے علاقے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
پولیس کے مطابق واقعہ بارش اور گرج چمک کے دوران پیش آیا، جبکہ مزید نقصانات کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں حالیہ برسوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا ہے
