اسلام آباد(الفجرآن لائن)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اورندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ موجود ہے۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال ادارے کی جانب سے تین سے چار ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے۔ادارہ مسلسل متعلقہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکام کو ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہ کررہا ہے تاکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بروقت تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ، منڈی بہاو¿الدین، گجرات، جہلم، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور اور حاصل پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، منگورہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسی طرح گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، گھانچے، استور، شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے

