میرانشاہ (آلفجر ان لائن) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی خوارجیوں کے خلاف بڑی کارروائیاں، 72 گھنٹوں میں مزید 21 خوار جی جہنم واصل کر دئیے، ہلاک دہشت گردوں میں 4 اہم سرغنہ بھی شامل ہیں، سکیورٹی فورسز کی علاقے میں اب تک کی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 48 خوارجی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی خوارجیوں کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بڑی کارروائیاں کی گئیں، خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور گردونواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کونشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد، گزشتہ 72 گھنٹوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 21 خوارج مارے گئے، جن میں چار خارجی رِنگ لیڈرز بھی شامل ہیں، جن کی شناخت خارجی خالد رضا عرف سالار، خارجی مفتون، خارجی موسیٰ اور خارجی عمران عرف ایان کے نام سے ہوئی، مارے گئے خارجی رنگ لیڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے انتہائی مطلوب تھے۔
علاقے میں اب تک مجموعی طور پر 48 خوارج ان موثر کارروائیوں میں مارے جا چکے ہیں، مارے گئے ہندوستانی سپانسرڈ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ویژن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔۔
