اسلام آباد (الفجر آن لائن) پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے جاری سرکاری ملازمین کا احتجاج وفاقی حکومت کی جانب سے مطالبات کے حوالے سے یقین دہانیوں کے بعد ختم کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری احتجاجی مقام پر پہنچے اور آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ سرکاری ملازمین کے 80 فیصد سے زائد مطالبات منظور کر لیے گئے ہیں۔وفاقی وزیر کے اعلان کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا اور پارلیمنٹ ہاو¿س کے سامنے جاری دھرنا پرامن طور پر ختم کر دیا۔ اس موقع پر ملازمین نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کے حق میں نعرے بھی لگائے۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے نمائندوں کے ساتھ گزشتہ روز بھی تفصیلی مذاکرات ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم حکومتی کمیٹی نے سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات کے حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات کیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی میں رانا ثناء اللہ اور وہ خود شامل تھے، جنہوں نے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری ملازمین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے احتجاج ختم کرنے پر آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے عہدیداران اور ملازمین کا شکریہ بھی ادا کیا۔
