امریکی (الفجر آن لائن)صدرڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہےک ایران سے کل معاہدے پر دستخط ہونے ہیں، دستخط ہوتے ہی آبنائے ہرمز سب کے لیےکھل جائےگی، جب سکون ہوجائےگا تو مناسب وقت پر جا کر ایٹمی مواد کی باقیات حاصل کرلیں گے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ اوباما کا ایران سے معاہدہ ایسا آسان، خوبصورت اور ہموار راستہ تھا جو ایٹمی ہتھیار تک لے جاتا اور ایران 6 سال پہلے ہی جوہری ہتھیار حاصل کرلیتا اور اب تک استعمال بھی کر چکا ہوتا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا ایران کے ساتھ معاہدہ اس کے بالکل برعکس ہے، یہ ایٹمی ہتھیار نہ ہونے کی دیوار ہے، اب وہ نہ ایٹمی ہتھیار چاہتے ہیں اور نہ ہی وہ اسے حاصل کرسکیں گے، چاہے خرید کر ہو یا کسی بھی اور طریقے سے۔
ٹرمپ نے لکھا کہ یہ معاہدہ کل دستخط کے لیے تیار ہے اور جیسے ہی اس پر دستخط ہوں گے، آبنائے ہرمز سب کے لیے کھول دی جائے گی۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کے ساتھ ہمارا تعلق سابقہ انتظامیہ کے مقابلے میں بالکل مختلف اور بہتر ہے۔ اوباما کی طرف سے انہیں دیے گئے سیکڑوں ارب ڈالر اور 1.7 ارب ڈالر نقد کے برعکس، اس معاہدے میں کوئی رقم کا تبادلہ نہیں ہوگا۔ مناسب وقت پر جب حالات مکمل طور پر پرسکون ہو جائیں گے ہم جائیں گے اور ایٹمی مواد حاصل کرلیں گے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایران اور پورے مشرق وسطیٰ کے ساتھ مستقبل میں طویل عرصے تک کام کرنے کے منتظر ہیں۔ امید ہے یہ عمل جلد اور آسانی سے مکمل ہو جائےگا۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ہمارے پاس آخری اور فیصلہ کن متبادل موجود ہے، جسے امید ہے دوبارہ کبھی استعمال نہیں کرنا پڑےگا
