اسلام آباد(الفجرآن لائن)پاکستان اور ایران نے دو طرفہ اقتصادی تعاون اور سرحدی تجارت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ اقتصادی تعلقات، سرمایہ کاری اور سرحدی تجارت کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے ایرانی سفیر کو یقین دہانی کروائی کہ باہمی اقتصادی تعاون کی راہ میں حائل مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق ایران نے پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی فراہم کرنے کی پیشکش کی، جبکہ دونوں ممالک نے مشترکہ اقتصادی منصوبوں کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی تجارت میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا اور روزانہ سرحد پار کرنے والے تجارتی ٹرکوں کی تعداد 2,000 تک بڑھانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
