اسلام آباد(الفجر آن لائن)قومی اسمبلی نے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے پر قومی قیادت کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قرارداد ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد وزیراعظم کی ہدایت اور اتحادی و اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد پیش کی جا رہی ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق قومی اسمبلی ایران اور امریکہ کے درمیان تاریخی امن معاہدے کا خیرمقدم اور اسے سراہتی ہے۔ ایوان نے اس تنازعے کے باعث خطے اور پوری دنیا پر مرتب ہونے والے منفی اثرات پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے قیام کے لیے کی جانے والی انتھک کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ایوان نے قرارداد کے ذریعے امریکہ اور ایران کی قیادت کو امن معاہدے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پیش رفت خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کا باعث بنے گی
