قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک دلچسپ سیاسی منظر، وزیراعظم شہباز شریف اپنی نشست سے اٹھ کر محمود خان اچکزئی کے پاس گئے اور ان سے مختصر ملاقات کی
اسلام آباد(الفجرآن لائن)قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایک دلچسپ سیاسی منظر دیکھنے میں آیا جب وزیراعظم شہباز شریف اپنی نشست سے اٹھ کر محمود خان اچکزئی کے پاس گئے اور ان سے مختصر ملاقات کی۔
ایوان میں وزیراعظم اور محمود خان اچکزئی نے کھڑے ہو کر کچھ دیر بات چیت کی۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی موجود تھے اور گفتگو کا حصہ بنے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور مختلف سیاسی و پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ کو بھی اپنی نشست پر بلا کر بعض امور کے حوالے سے ہدایات دیں۔ ملاقات اور مشاورت نے ایوان میں موجود ارکان کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان ہونے والی یہ غیر رسمی ملاقات سیاسی حلقوں میں دلچسپی کا موضوع بن گئی۔
