اسلام آباد(الفجرآن لائن)قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جس طرح وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج اختلافات کو ہوا دینے کا دن نہیں، اسی جذبے کے تحت تمام سیاسی قوتوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج ہماری فوج ہے اور پاکستان کی ترقی ہم سب کی مشترکہ ترقی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر اپوزیشن کو اتنا غیر اہم اور بے اختیار کیوں سمجھا جاتا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی وہ طاقت اور اختیار جو وقت کے ساتھ اس سے چھین لیا گیا ہے، اسے واپس کیا جانا چاہیے تاکہ جمہوری ادارے اپنی حقیقی حیثیت میں کام کر سکیں۔
انہوں نے اپوزیشن کی تقاریر کو سرکاری ٹیلی وڑن پر نشر نہ کیے جانے پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ اپوزیشن کی آواز دبانے کے بجائے عوام تک پہنچنے دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں ہونے والی تمام آرا اور مباحث عوام تک یکساں طور پر پہنچنے چاہئیں۔ اپوزیشن رہنما نے مزید مطالبہ کیا کہ اقبال آفریدی پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کی جائے اور سیاسی کارکنوں و رہنماؤں کے ساتھ امتیازی سلوک سے گریز کیا جائے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی برداشت، پارلیمانی بالادستی اور جمہوری اقدار کا فروغ ناگزیر ہے۔
