مظفرآباد (الفجرآن لائن) حکومت آزاد جموں و کشمیر نے امن و امان کے قیام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سرگرم عناصر اور سہولت کاروں کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 150 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام آزاد جموں و کشمیر کابینہ کے 41ویں اجلاس میں دی گئی منظوری کے بعد عمل میں لایا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے افراد کو آزاد جموں و کشمیر اینٹی ٹیررازم ایکٹ 2014 کے تحت فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایسے عناصر کی نگرانی اور ان پر قانونی پابندیوں کے نفاذ کے لیے اٹھایا گیا ہے جو امن عامہ کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔فورتھ شیڈول میں شامل کیے جانے والوں میں کالعدم کمیٹی کے اہم رہنما شوکت نواز، راجہ امجد، انجم زمان اور راجہ شعیب بھی شامل ہیں۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ قانون کی خلاف ورزی اور انتشار انگیزی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع پونچھ سے 36 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ سدھنوتی سے 31، میرپور سے 14، کوٹلی سے 15، بھمبر سے 10 اور حویلی سے 8 افراد شامل ہیں۔
اسی طرح راولاکوٹ سے 36، باغ سے 15، جہلم ویلی سے 9 اور ضلع نیلم سے 8 افراد کو بھی فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔حکومت آزاد کشمیر نے واضح کیا ہے کہ عوامی حقوق کے نام پر امن و امان کو نقصان پہنچانے اور انتشار پھیلانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ریاست میں امن، استحکام اور قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔فورتھ شیڈول ایک قانونی فہرست ہے جس میں شامل افراد کی سرگرمیوں پر کڑی نگرانی رکھی جاتی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان پر مختلف پابندیاں عائد کر سکتے ہیں تاکہ امن و امان کو درپیش خطرات کا مؤثر تدارک کیا جا سکے۔
