اسلام آباد (الفجرآن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں پاسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پاسپورٹ کے اجرا کے عمل کو مرحلہ وار مکمل طور پر ای پاسپورٹ نظام پر منتقل کرنے، یکم جولائی سے کیش لیس ادائیگی کا نظام نافذ کرنے اور شہریوں کو پاسپورٹ کی ہوم ڈلیوری کی سہولت فراہم کرنے سمیت متعدد اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں پاسپورٹ کے اجرا کا پورا نظام ای پاسپورٹ پر منتقل کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس اقدام سے پاسپورٹ کے اجرا میں شفافیت بڑھے گی جبکہ فراڈ اور جعلسازی کے امکانات کا مؤثر خاتمہ ممکن ہوگا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اندرون ملک اور بیرون ملک پاسپورٹ ہوم ڈلیوری سروس کے لیے ابتدائی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت شہریوں کو ان کے پاسپورٹ براہ راست گھر کی دہلیز پر فراہم کیے جائیں گے، جس سے دفاتر کے غیرضروری چکر ختم ہوں گے اور سہولت میں اضافہ ہوگا۔
فیصلے کے مطابق یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا۔ شہری تمام فیسیں ڈیجیٹل ذرائع سے جمع کرا سکیں گے، جس سے مالی لین دین میں شفافیت اور سہولت پیدا ہوگی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ درخواستوں کی پراسیسنگ کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا سکے
