اسلام آباد( آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ سعودی عرب کا اہم سرکاری دورہ کریں گے، جس کے شیڈول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ دونوں ممالک سرمایہ کاری، توانائی، تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو نئی جہت دینے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔
