آزاد کشمیر میں کچھ لوگوں کی زبان بھارت سے ملتی جلتی ہے ہم ہر لمحہ تیار ہیں، پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوافغانستان اور برطانیہ میں بھارتی پراکسیز کا بندوبست کریں گے، پانی کے ایک ایک قطرے کی حفاظت ہو گی۔
خواجہ آصف اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بھارت کو سخت الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے کسی بھی قسم کے ایڈونچر کی کوشش کی تو پاکستانی افواج اور عوام ہر لمحہ تیار ہیں، اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آپریشن ”بنیان مرصوص“ میں بھارت کو ملنے والی شکست کی ہزیمت اسے صدیوں یاد رہے گی اور جنگ میں بھارت کی پٹائی اب تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔خواجہ آصف نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر بھارت کو ہماری کامیابیوں سے جلن اور تکلیف نہیں ہوگی تو دنیا میں اور کسے ہوگی۔
انہوں نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ معاملہ طے پا چکا ہے، تاہم افغانستان اور برطانیہ میں سرگرم بھارتی پراکسیز کا بھی جلد کوئی بندوبست کیا جائے گا، کیونکہ برطانیہ میں فنڈز اور ہوا دینے والے عناصر کے پیچھے بھی بھارتی پراکسیز کام کر رہی ہیں۔
آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کچھ لوگوں کی زبان بھارت سے ملتی جلتی ہے اور جو لوگ آج وہاں شور مچا رہے ہیں، وہ ہمارے شریکِ سفر نہیں تھے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ یہ عناصر قومی پرچم کی بھی توہین کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آزاد کشمیر والے آزادی کی قدر مقبوضہ وادی کے بہن بھائیوں سے پوچھیں، جہاں آج بھی خواتین جیلوں میں شدید ظلم برداشت کر رہی ہیں۔
کشمیری پاکستان کے ساتھ اپنی شناخت کی قیمت ادا کر رہے ہیں اور سب نے اس کے لیے قربانیاں دی ہیں، مگر افسوس کہ آزاد کشمیر کے کچھ لوگ اس آزادی کی قدر نہیں کر رہے۔وزیر دفاع نے بھارت کی آبی جارحیت کے حوالے سے بھی پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے پانیوں کا دفاع ہر قیمت پر کیا جائے گا۔
بھارت کی آبی جارحیت کا مکمل بندوبست کیا جائے گا اور کسی کو بھی پاکستان کے پانی کا ایک قطرہ بھی غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تاہم، انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی تقریب کے حوالے سے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
