پوٹھوہار میں اربن فلڈنگ اور شمالی علاقوں میں ‘گلاف’ و لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ؛ سیاحوں اور مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت
اسلام آباد(الفجرآن لائن) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں اور گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے شدید خطرات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال ادارہ ہذا کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے، جس کی بدولت متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاریوں میں مدد مل رہی ہے۔آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع (مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان وغیرہ) میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شدید بارشوں کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد سمیت پوٹھوہار ریجن کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں کے لیے گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (گلاف) اور اچانک سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ تیزی سے پگھلتے گلیشئرز اور برفانی جھیلوں کے ٹوٹنے سے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر، اپر و لوئر چترال، سوات، کالام، کوہستان، مانسہرہ، مظفرآباد، اور نیلم ویلی کے ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے ریلوں کا شدید خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع بشمول پشاور، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان، بلوچستان کے علاقوں تربت، خضدار اور ڑوب، جبکہ سندھ میں کراچی، سکھر، لاڑکانہ اور دادو سمیت دیگر مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے، نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور حساس شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو قیمتی سامان اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ مزید برآں، سیاحوں اور مسافروں کو شمالی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” سے باخبر رہنے کی تاکید کی گئی ہے
