ممبئی (الفجرآن لائن) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں اب بھی اپنے کام کے حوالے سے خود پر شک اور دباؤ کے باعث راتوں کو نیند نہ آنے جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔
اپنے حالیہ بلاگ میں 83 سالہ اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اپنے ایک پروجیکٹ کو مکمل کرنے کے بعد محسوس کیا کہ اسے مزید بہتر انداز میں کیا جا سکتا تھا جس پر انہوں نے متعلقہ اجازت کے بعد اسے دوبارہ ریکارڈ یا انجام دیا۔
تاہم اس فیصلے کے بعد وہ ساری رات اسی سوچ میں مبتلا رہے کہ آیا دوسری کوشش واقعی بہتر ثابت ہوئی یا نہیں۔امیتابھ بچن نے لکھا کہ یہ خیالات انہیں سونے نہیں دیتے اور وقت گزرنے کا احساس تک نہیں ہوتا حتیٰ کہ صبح ہو جاتی ہے۔
انہوں نے اپنے مداحوں کے لیے محبت اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔اداکار نے اپنے مصروف ترین شیڈول کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ہی دن میں متعدد مختصر فلموں اور فوٹو شوٹس میں حصہ لیتے ہیں جبکہ ساتھ ہی مداحوں سے رابطے کے عمل کو بھی جاری رکھتے ہیں جسے وہ اپنی روزمرہ ذمہ داری کا اہم حصہ سمجھتے ہیں امیتابھ بچن نے اس بات پر زور دیا کہ مداحوں سے جڑے رہنے کا یہ سلسلہ کبھی رکنا نہیں چاہیے۔
اداکار آئندہ فلم ’کَلکی 2898 اے ڈی‘ کے سیکوئل میں ایک بار پھر اشوتھاما کے کردار میں نظر آئیں گے۔ رپورٹس کے مطابق سیکوئل کی کاسٹ میں کمل ہاسن اور پربھاس بھی شامل ہوں گے تاہم دیپیکا پڈوکون اس بار اس پراجیکٹ کا حصہ نہیں ہوں گی۔
پروڈکشن ہاؤس کے مطابق باہمی اتفاق کے بعد ان کی علیحدگی عمل میں آئی ہے جبکہ ان کی جگہ ممکنہ طور پر سائی پلّوی کو شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ابھی باقی ہے۔ سیکوئل پر کام جاری ہے
