ابتدائی ٹریڈنگ میں برینٹ کروڈ ایک ڈالر سے زائد اور ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 87 سینٹ گر گیا، پیر کو بھی قیمتوں میں 3 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ
لندن،سنگاپور ( الفجرآن لائن) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے اور منگل کو ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تیل ایک فیصد سے زیادہ سستا ہو گیا۔مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت ایک ڈالر سے زائد کمی کے بعد 76.81 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 87 سینٹ سستا ہو کر 72.99 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔رپورٹس کے مطابق پیر کے روز بھی تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زیادہ کمی دیکھی گئی تھی، جس کی بڑی وجہ امریکہ کی جانب سے ایران کو 60 روزہ پابندیوں میں نرمی دینا قرار دی جا رہی ہے۔ مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت سے عالمی سپلائی میں بہتری کی توقع پیدا ہوئی ہے، جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا۔توانائی مارکیٹ سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ایران سے تیل کی فراہمی میں اضافہ ہوتا ہے تو عالمی منڈی میں رسد بہتر ہونے کے امکانات مزید مضبوط ہوں گے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہ سکتا ہے۔
