نیویارک (الفجر آن لائن ) امریکا میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 کا گروپ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ٹورنامنٹ اب فیصلہ کن ناک آوٹ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں راونڈ آف 32 کے سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز آج سے ہوگا۔دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹبال کے سب سے بڑے عالمی ایونٹ میں گروپ مرحلے کے اختتام پر 32 ٹیموں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ 16 ٹیموں کا عالمی کپ کا سفر اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ناک آوٹ مرحلے میں ہر میچ کی حیثیت "کرو یا مرو” کی ہوگی۔ فاتح ٹیمیں راونڈ آف 16 میں جگہ بنائیں گی، جبکہ شکست کھانے والی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گی۔
راونڈ آف 32 کا افتتاحی مقابلہ جنوبی افریقہ اور کینیڈا کے درمیان کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے شروع ہوگا۔دیگر اہم مقابلوں میں برازیل اور جاپان پیر کی شب 10 بجے آمنے سامنے ہوں گے، جبکہ جرمنی اور پیراگوئے کے درمیان میچ منگل 30 جون کی شب ڈیڑھ بجے کھیلا جائے گا۔ اسی روز صبح 6 بجے نیدرلینڈز اور مراکش کی ٹیمیں بھی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔فٹبال شائقین کو توقع ہے کہ ناک آوٹ مرحلے میں عالمی معیار کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، جہاں معمولی غلطی بھی کسی مضبوط ٹیم کے ٹائٹل کے خواب کو ختم کر سکتی ہے۔
