ہزار68 افراد لاپتا صورتحال اس سے بھی زیادہ تشویشناک ہو سکتی ہے، کیونکہ ابتدائی اندازوں کے مطابق 68 ہزار تک افراد لاپتا ہیں،اقوام متحدہ
کراکس(الفجرآن لائن) وینزویلا کے ساحلی علاقے میں 24 جون کو آنے والے 2 طاقتور زلزلوں کے بعد تباہی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ہلاکتوں کی تعداد 1700 سے تجاوز کر چکی ہے، 5 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ 68 ہزار تک افراد لاپتا ہو سکتے ہیں۔
وینزویلا کے حکام نے 24 جون کو آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے 2 طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 1719 ہونے کی تصدیق کر دی ہے، قدرتی آفت میں کم از کم 5 ہزار 34 افراد زخمی ہوئے، 15 ہزار 866 بے گھر ہیں۔
جبکہ 22 ہزار 619 متاثرین مختلف طبی مراکز میں زیرِ علاج ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق صورتحال اس سے بھی زیادہ تشویشناک ہو سکتی ہے، کیونکہ ابتدائی اندازوں کے مطابق 68 ہزار تک افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریاست لا گوائیرا، جو زلزلوں کا مرکز تھی، سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے، بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کے بعد حکومت نے علاقے کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے فوج کے کنٹرول میں دے دیا ہے۔
زلزلے کے 5 روز بعد بھی ملبہ ہٹانے اور متاثرین کی تلاش کا عمل جاری ہے، بھاری مشینری کے ساتھ مختلف ممالک سے آنے والی امدادی ٹیمیں بھی کارروائیوں میں شریک ہیں، تاہم ملبے تلے زندہ افراد کے ملنے کی امیدیں وقت کے ساتھ کم ہوتی جا رہی ہیں۔
امدادی کارروائیوں کی ایک مثال پیر کے روز کاتیا لا مار میں سامنے آئی، جہاں ایل سلواڈور، میکسیکو اور وینزویلا کی مشترکہ ریسکیو ٹیمیں ایک 21 سالہ نوجوان کو نکالنے کی کوشش کرتی رہیں، جو زلزلے کے روز سے منہدم عمارت کے ملبے تلے پھنسا ہوا تھا۔24
جون کو آنے والے دونوں زلزلوں کے مراکز شمالی وینزویلا میں سان فیلیپے اور یومارے کے درمیان واقع تھے، پہلا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر آیا، جس کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ صرف 39 سیکنڈ بعد 7.5 شدت کا دوسرا زلزلہ آیا، جس کا مرکز جنوب مشرق کی جانب تھا۔
مجموعی طور پر زمین تقریباً 3 منٹ تک لرزتی رہی۔آفت زدہ علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے، لا گوائیرا میں حالیہ دنوں 4.6 شدت کا ایک اور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے متاثرین میں خوف و ہراس مزید بڑھ گیا
