مجموعی طور پر 9 ہزار 682 بین الاقوامی میڈیکل گریجویٹس ریزیڈنسی پوزیشنز کے لیے منتخب ہوئے، پورے امریکی ریزیڈنسی پروگرامز میں 44 ہزار سے زائد پوزیشنز پیش کی گئی تھیں
اسلام آباد (الفجر آن لائن) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے اعلان کیا ہے کہ سال 2026ء میں 1400 سے زائد پاکستانی میڈیکل گریجویٹس نے امریکی ریزیڈنسی پروگرامز میں کامیابی کے ساتھ اپنی نشستیں حاصل کرلی ہیں، جو پاکستان کے طبی تعلیمی شعبے کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ یہ بہترین نتائج بیرونِ ملک پوسٹ گریجویٹ کلینیکل ٹریننگ حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی مسابقت اور اعلیٰ معیار کو ظاہر کرتے ہیں، ڈاکٹروں کی یہ شاندار کارکردگی میڈیکل کے طلباء، اساتذہ، طبی اداروں اور ریگولیٹرز کی ان مشترکہ کوششوں کا آئینہ دار ہے جو پاکستان میں طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
کونسل نے ان پلیسمنٹس کو اس بات کا ثبوت قرار دیا ہے کہ پاکستانی گریجویٹس بین الاقوامی لائسنسنگ اور ریزیڈنسی کے مشکل ترین امتحانات اور مراحل میں دنیا بھر کے ڈاکٹروں کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، سال 2025ء میں 1 ہزار 061 پاکستانی ڈاکٹرز امریکی ریزیڈنسی پوزیشنز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، اس سال سامنے آنے والے 1 ہزار 400 سے زائد ڈاکٹروں کے حالیہ اعداد و شمار پچھلے سال کے مقابلے میں کم از کم 339 پوزیشنز کے واضح اور ریکارڈ اضافے کو ظاہر کرتے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ میڈیکل ریزیڈنسی گریجویشن کے بعد حاصل کی جانے والی ایک باقاعدہ اور زیرِ نگرانی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ ہوتی ہے، اس مرحلے پر ڈاکٹرز کسی ایک مخصوص شعبے جیسا کہ انٹرنل میڈیسن، بچوں کے امراض، فیملی میڈیسن، سرجری، یا نفسیات میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ٹریننگ لیتے ہیں، امریکہ میں ریزیڈنسی پوزیشنز کے خواہشمند امیدواروں کو عام طور پر درخواست دینے اور ‘نیشنل ریزیڈنٹ میچنگ پروگرام’ میں حصہ لینے سے پہلے وہاں کے تمام لازمی امتحانات اور سرٹیفیکیشن کے پیچیدہ عمل کو مکمل کرنا ہوتا ہے۔امریکہ کے آفیشل ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ سال 2026ء کے ریزیڈنسی میچ میں بین الاقوامی میڈیکل گریجویٹس نے ہمیشہ کی طرح ایک اہم ترین کردار ادا کیا ہے، مجموعی طور پر 9 ہزار 682 بین الاقوامی میڈیکل گریجویٹس پہلے سال کی ریزیڈنسی پوزیشنز کے لیے منتخب ہوئے، ان میں 2 ہزار 949 ایسے امریکی شہری شامل ہیں جنہوں نے بیرونِ ملک سے طبی تعلیم حاصل کی، جبکہ 6 ہزار 733 غیر امریکی بین الاقوامی گریجویٹس، جن میں پاکستانی ڈاکٹرز بھی شامل ہیں، کامیابی سے منتخب ہوئے، سال 2026ء کے مین ریزیڈنسی میچ کے دوران کل 38 ہزار 354 امیدوار پہلے سال کی پوزیشنز کے لیے کامیاب ہوئے، جبکہ پورے امریکی ریزیڈنسی پروگرامز میں مجموعی طور پر 44 ہزار سے زائد ٹریننگ پوزیشنز پیش کی گئی تھیں

