کوئٹہ (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ ہنہ اوڑک پہنچ گئے، جہاں انہوں نے حالیہ سانحے کے متاثرین اور شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، سینیٹر منظور احمد کاکڑ، بلال کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔ حکومت بلوچستان کے اس اعلیٰ سطحی وفد کی آمد کا مقصد متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سانحہ ہنہ اوڑک کے شہداء کے لواحقین اور مقامی قبائل کے عمائدین سے تفصیلی ملاقات کی۔ انہوں نے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر شریک ہونے کا یقین دلایا۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ اور وفد میں شامل دیگر اراکین نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے اور علاقے میں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔

