مستونگ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ سے ایک نجی کوریئر کمپنی کے منی ٹرک (شہ زور) اور اس کے دو ڈرائیوروں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد کمپنی نے ایک اہم وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 24 جولائی 2026 کو پیش آیا جب کوئٹہ اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دو ڈرائیورز، جان محمد اور سجاد علی، شاہزور گاڑی (نمبر ایل ڈی-6523) سمیت سفر کے دوران لاپتہ ہو گئے۔ ابتدائی طور پر پولیس اور سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ان افراد کو کسی کالعدم تنظیم نے اغوا کر کے ڈھائی کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے، تاہم اب کوریئر کمپنی کی انتظامیہ نے ان دعووں پر اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے۔
ایلیا کوریئر اینڈ لاجسٹکس کمپنی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ڈرائیورز کو نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے ہیں اور اب تک کسی بھی گروہ یا تنظیم کی جانب سے اس واقعے کی باضابطہ ذمہ داری قبول نہیں کی گئی، اس لیے کسی مخصوص گروہ کو موردِ الزام ٹھہرانا قبل از وقت ہوگا۔ کمپنی انتظامیہ نے سوشل میڈیا صارفین اور عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس حساس معاملے پر غیر مصدقہ، من گھڑت یا ترمیم شدہ خبریں پھیلانے سے مکمل گریز کریں، کیونکہ ایسی افواہیں مغوی ملازمین کی جانوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہیں۔ کمپنی نے واضح کیا کہ اس وقت ان کی اولین ترجیح اپنے عملے کی بحفاظت بازیابی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں

