اسلام آباد( الفجرآن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر لیجسلیٹو اسمبلی (قانون ساز اسمبلی) کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد پر جموں و کشمیر کے عوام اور تمام متعلقہ اداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق، وزیراعظم نے میرپور ڈویژن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری حاصل کرنے پر پارٹی قیادت اور کارکنوں کو خصوصی مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے قائد میاں محمد نواز شریف کی متحرک قیادت میں آزاد کشمیر کے اندر ایک انتہائی منظم اور کامیاب انتخابی مہم چلائی۔ انہوں نے انتخابی عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے اسے جمہوری عمل کی کامیابی قرار دیا۔ وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر کے غیور عوام سے اپیل کی کہ وہ اگلے مراحل میں بھی اسی جوش و خروش کے ساتھ پولنگ میں حصہ لے کر جمہوری عمل کو پائیدار بنائیں۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہوا۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 9 نشستیں حاصل کر کے میدان مار لیا ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) صرف 4 نشستیں حاصل کر سکی ہے۔ انتخابات کا دوسرا مرحلہ 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن میں اور تیسرا مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں منعقد ہوگا

