سیکرٹری داخلہ کی عید گاہوں، مساجد و مدارس میں اضافی سکیورٹی انتظامات ،مری ،گلیات میں سیاحوں کی آمد و ٹریفک کنٹرول کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد :پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی زیر صدارت عید الاضحی کے تناظر میں اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،
صرف چیئریٹی کمیشن کیساتھ رجسٹرڈ ادارے ہی قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی مقامات پر سری پائے جلانے اور جانوروں کی باقیات کو مین ہول یا کینال میں پھینکنے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔عید کی چھٹیوں میں عارضی نصب ہونیوالے مکینیکل جھولوں، دریاؤں، ندی نالوں ،ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی پر پابندی عائد ہوگی۔
سیکرٹری داخلہ نے صوبہ بھر کی عید گاہوں، مساجد و مدارس میں اضافی سکیورٹی انتظامات کرنے ،مری ،گلیات میں سیاحوں کی آمد و ٹریفک کنٹرول کیلئے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔