کوئٹہ( الفجرآن لائن) معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے بارکھان میں دہشت گردی کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈی ایس پی مرید بگٹی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید ڈی ایس پی مرید بگٹی کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا کیونکہ ریاست دہشت گرد عناصر کو ان کے انجام تک پہنچانے کا بھرپور عزم اور صلاحیت رکھتی ہے۔ بابر یوسفزئی نے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بارکھان میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر ترین کارروائی اور ان کے تعاقب میں مصروف ہیں۔ معاون داخلہ نے واضح کیا کہ امن و امان کو ثبوتاژ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور وہ قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے؛ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بناتے ہوئے ریاست عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

