راولپنڈی ( الفجرآن لائن) آئی ایس پی آراسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 32 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد مارے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی کارروائی کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) برآمد کرکے تباہ کر دیا گیا، جبکہ مزید دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

