اسلام آباد(الفجر آن لائن) وزارت خزانہ نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 323 کے تحت مالی سال 2026-27 کے لیے دیت کی نئی مالیت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق دیت کی رقم 1 کروڑ 93 لاکھ 52 ہزار 390 روپے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ مالی سال 2025-26 میں دیت کی رقم 98 لاکھ 28 ہزار 670 روپے مقرر تھی، جبکہ نئے مالی سال کے لیے اس میں 95 لاکھ 23 ہزار 720 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے دیت کی رقم 30 ہزار 630 گرام چاندی کی موجودہ مالیت کے مساوی مقرر کی گئی ہے، جیسا کہ پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ قانونی شق میں درج طریقہ کار کے مطابق کیا جاتا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی مقررہ دیت کی رقم فوری طور پر نافذالعمل ہوگی اور متعلقہ قانونی معاملات میں مالی سال 2026-27 کے دوران اسی مالیت کا اطلاق کیا جائے گا۔

