اسلام آباد(الفجرآن لائن) محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے 5 اگست 2026 تک ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کی نئی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان میں 31 جولائی سے 3 اگست کے دوران کوئٹہ، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، ژوب، لورالائی، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، مستونگ، قلات، خضدار، لسبیلہ اور ملحقہ علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور ریسکیو سروسز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

