تربت (الفجرآن لائن)ضلع کیچ کے علاقے درمکول پیدارک میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تربت سے تقریباً 30 کلومیٹر دور درمکول پیدارک کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے تین افراد کو قتل کر دیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت شاہ بیگ ولد سردار عزیز، امان اللہ ولد شیر محمد اور الطاف حسین ولد مراد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کے ساتھ ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔

