لاہور (الفجرآن لائن)پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر سے اب تک 37 ہزار افغانیوں سمیت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جبکہ214 افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 14 ہزار 954 مرد، 7 ہزار 254 خواتین اور 14 ہزار 783 بچے شامل ہیں۔ ان افراد میں 11 ہزار 145 رہائشی ثبوت (پی او آر) رکھنے والے، 11 ہزار 137 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور 14 ہزار 709 دیگر غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور تمام غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین اور حکومتی پالیسی کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل پر مؤثر انداز میں عمل پیرا ہے

