کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایئرپورٹ روڈ پر واقع ایک نجی ہاؤسنگ اسکیم (فرید بابا کالونی) میں فائرنگ کا ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک حاملہ خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ان کا کمسن بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے اور فوری و شفاف تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔مقتولہ کی شناخت اور شوہر کی گرفتاریپولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت وردہ داؤد کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتولہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ وردہ داؤد کی دوسری شادی تھی جو فرحان مگسی نامی شخص سے ہوئی تھی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل کے شبہے میں مقتولہ کے شوہر فرحان مگسی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے بچے کی عمر 8 سے 10 سال بتائی جا رہی ہے جسے سول اسپتال کوئٹہ میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔مقدمہ سیریس کرائمز یونٹ کے سپردواقعے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ایچ او ایئرپورٹ تھانہ نے بتایا کہ مقدمہ مزید گہرائی سے تفتیش کے لیے ‘سیریس کرائمز یونٹ’ کے حوالے کر دیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے مزید سائنسی و مادی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب مقتولہ کی بہن نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ معصوم خاتون کے قاتل کو سخت سے سخت سزا دے کر خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔

