اسلام آباد (الفجرآن لائن) تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح اور ذخائر کے انتظام کے پیش نظر سپل ویز کھول دیے گئے، جس کے باعث دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے مکینوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
حکام کے مطابق سپل ویز کھولنے کے بعد دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک سے بڑھ کر 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک تک پہنچنے کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے سندھ سے ملحقہ علاقوں کے رہائشی غیر ضروری طور پر آبی گزرگاہوں، کناروں اور نشیبی مقامات کا رخ نہ کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
اتھارٹی کے مطابق تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو بھی ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

