کوئٹہ (الفجرآن لائن) امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور چہلمِ شہدائے کربلا کے موقع پر سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کل (منگل) موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہے گی۔ صوبائی سیکیورٹی اداروں نے جلوسوں کی حفاظت کے لیے خصوصی پلان تیار کر لیا ہے۔
بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، موبائل سروس کی یہ معطلی کوئٹہ کے مخصوص اور حساس علاقوں میں ہوگی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق کل منگل کے روز کوئٹہ کے تین اہم تھانوں کی حدود میں موبائل سگنلز بند رہیں گے۔ ان علاقوں میں تھانہ قائد آباد، تھانہ گوالمنڈی اور تھانہ بروری شامل ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بوقتِ ضرورت رابطے کے لیے متبادل ذرائع استعمال کریں۔
صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔ چہلم کے مرکزی جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے

