پولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں، تاقیامت بھی پولیس شہداء کا احسان نہیں اتار سکتے، محسن نقوی
اسلام آباد(الفجرآن لائن)وزیرداخلہ محسن رضا نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں ملک بھر کیلئے یکساں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے نظام کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں، تاقیامت بھی پولیس شہداء کا احسان نہیں اتار سکتے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا اور ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں یوم پولیس شہداء پر تمام پولیس شہداء کو ہدیہ عقیدت پیش کیا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں، تاقیامت بھی پولیس شہداء کا احسان نہیں اتار سکتے۔ ہم سب پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑا رہیں گے۔ اجلاس میں ملک بھر کیلئے یکساں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے نظام کی اصولی منظوری دی گئی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اب نیشنل پولیس بیورو سے پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے گا،پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ کے پیچیدہ عمل کو اب تیز اور مکمل آن لائن کیا گیا ہے۔ شہری گھر بیٹھے نیشنل پولیس بیورو پورٹل کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں گے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کیلئے بھی یکساں نظام وضع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے یکساں نظام سے بیرون ملک جانے والے شہریوں کو آسانی ہو گی، نیشنل پولیس بیورو کو فعال اور متحرک ادارہ بنانا ہماری ترجیح ہے

