زیارت/سنجاوی( الفجرآن لائن) صوبائی وزیر کموڈیٹی منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد خان دمڑ نے خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس اہم شاہراہ کی تعمیر سے زیارت، سنجاوی اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ تجارتی، کاروباری اور روزگار کے نئے مواقع میسر آنے کی امید ہے افتتاحی تقریب میں پروجیکٹ ڈائریکٹر عصمت اللہ موسیٰ خیل، ٹھیکیدار ایم پی آئی کنسٹرکشن کمپنی کے اونر فضل کریم مندوخیل، فوکل پرسن حاجی باز محمد دمڑ، محمد عرفان دمڑ، پی ایس ٹو صوبائی وزیر موسیٰ کاکڑ، ڈسٹرکٹ چیئرمین ستار کاکڑ، ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین حبیب اللہ پانئیزئی، قبائلی رہنما غوث پانئیزئی، حاجی محمد عظیم، ملک ایاز زخمیل، عزیز اللہ اور عمران پانئیزئی، سردار عجب خان تارن اور حاجی اللہ نور سمیت متعلقہ محکموں کے افسران، زیارت اور سنجاوی کے معتبرین و معززین اور علاقے کے دیگر افراد موجود تھے۔
اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر عصمت اللہ موسیٰ خیل نے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ کو خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کے منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبے کے مختلف مراحل، تعمیراتی کام اور پیش رفت سے آگاہ کیا افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا کہ خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کا منصوبہ 14.46 ارب روپے کی خطیر لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے، جو علاقے کی ترقی اور عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اور ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں انہوں نے کہا کہ اس اہم شاہراہ کی تکمیل سے زیارت، سنجاوی اور گردونواح کے عوام کو آمدورفت میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی، جبکہ ایک صوبے سے دوسرے صوبے تک سفر کرنے والے شہریوں کے لیے بھی سفری فاصلہ اور مشکلات کم ہوں گی۔ شاہراہ کی تعمیر سے علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور امپورٹ و ایکسپورٹ کے ساتھ ساتھ کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے
حاجی نور محمد خان دمڑ نے کہا کہ سڑکیں صرف آمدورفت کا ذریعہ نہیں بلکہ کسی بھی علاقے کی معاشی ترقی، تجارت، صنعت، زراعت اور روزگار کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کی تکمیل سے اس خطے کو ملک کے دیگر علاقوں سے بہتر انداز میں منسلک کرنے میں مدد ملے گی اور مقامی لوگوں کے لیے ترقی کے نئے راستے کھلیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ علاقے کی مجموعی معاشی و سماجی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی اس موقع پر زیارت اور سنجاوی کے عوام، معتبرین اور معززین نے خانی بابا تا زیارت تا سنجاوی روڈ کے منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی نور محمد خان دمڑ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کے لیے ایک تاریخی اور دور رس اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کی عوامی خدمت، مسلسل کاوشوں اور علاقے کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا علاقہ مکینوں نے امید ظاہر کی کہ شاہراہ کی تکمیل کے بعد نہ صرف عوام کو محفوظ اور آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ زیارت، سنجاوی اور ملحقہ علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں، تجارت، سیاحت اور روزگار کے مواقع میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

