کراچی(الفجر آن لائن)نیوکراچی پانچ نمبر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سبزی فروش جاں بحق ہوگیا، رواں سال اب تک ڈاکوؤں نے 48 شہریوں کو لوٹ مار کی وارداتوں کے دوران موت کی آغوش میں بھیج دیا جبکہ سیکڑوں شہری ڈاکووں کی فائرنگ سے زخمی ہو چکے ہیں۔
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے نیوکراچی 5 نمبر خضرا مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورن علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 26 سالہ عمران ولد ریاض کے نام سے کی گئی، پولیس کے مطابق مقتول عمران سبزی فروش تھا۔ واقعے کے وقت سوزوکی پک اپ پر سبزی کی خریداری کیلئے نیو سبزی منڈی جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار دو ڈاکووں نے اسلحہ کے زور پر سوزوکی پک اپ کو روک کر لوٹ مار شروع کر دی،
عمران نے مزاحمت کی تو ڈاکو مشتعل ہوگئے اور انہوں نے فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کی مزید تحقیقات کے لئے جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اکھٹی کی جا رہی ہیں،
رواں سال ڈاکووں نے اب تک لوٹ مار کی وارداتوں کے دوران 48 شہریوں کو موت کی آغوش میں بھیج چکے ہیں جبکہ سیکڑوں شہری ڈاکووں کی فائرنگ سے زخمی ہو چکے ہیں۔
رواں سال کے اب بھی 4 ماہ باقی ہیں، شہر میں اسٹریٹ کرائم ڈکیتیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ختم ہونے نام ہی نہیں لے رہا، شہریوں کا کہنا ہے کہ ہم مطالبہ کس سے کریں
ہمیں تو امید کی کوئی کرن نظر نہیں آتی اسی لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے بچوں کو اس ملک سے بیرون ملک بھیج دیا جائے تاکہ وہ کسی بھی ناگہانی موت سے بچ جائیں۔

